16 مارچ 2015
وقت اشاعت: 12:59
بھارت میں راہبہ سے زیادتی،انصاف کے مطالبات میں شدت
جیو نیوز - کول کتا......بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بہتر سالہ راہبہ سے زیادتی کے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد فوری انصاف کے مطالبات میں شدت آگئی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں چار نقاب پوش مردوں کو کونوینٹ اسکول میں دیکھا جا سکتا ہے۔ غم و غصے سے بھرے طلبہ، ان کے والدین اور بھارت کی پوری مسیحی اور سول برادری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے سخت ایکشن کا وعدہ کیا ہے لیکن اپوزیشن کانگرس پارٹی کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کو اس معاملے میں اضافی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈر اور کانگریس پارٹی کے راہنما منیش تواری مطالبہ کیا ہے کہ مغربی بنگال حکومت کو عدالتی کارروائی میں مزید تیزی لاتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت سے سخت سزا کو یقینی بنانا ہوگا۔ کوئی بھی مہذب معاشرہ خواتین پر ظلم کو نظر انداز نہیں کرسکتا۔ریاستی دارالحکومت کولکتہ سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کونوینٹ آف جیزز اینڈ میری اسکول میں تیرہ اور چودہ مارچ کی رات تقریبا ایک درجن ڈاکو داخل ہوئے، جب وہاں کی بہتر سالہ راہبہ نے ڈاکووں کو لوٹ مار کرنے سے روکنے کی کوشش کی تو انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ راہبہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔