21 مارچ 2015
وقت اشاعت: 0:16
صنعا: چار خود کش حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 142 ہوگئی
جیو نیوز - صنعا.........یمن کے دارالحکومت صنعا میں دو مساجد پر خود کش دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 142ہوگئی ہے۔ داعش کی طرف سے حملوں کی ذمے داری قبول کرلی۔ امریکا اور اقوام متحدہ نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ یمنی حکام کے مطابق تین خود کش حملہ آوروں نے دارالحکومت صنعا کے شمال میں حکومت پر قابض حوثی باغیوں کی دو مساجد کو نشانہ بنایا۔ بدر مسجد میں دو خود کش حملہ آوروں نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جب نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازی مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ جبکہ تیسرا اور چوتھا دھماکا الحشش مسجد میں ہوا۔ یمنی وزارت صحت کے مطابق چاروں دھماکوں میں امام مسجد سمیت 142افراد جاں بحق جبکہ 300 اکاون زخمی ہوگئے۔ شدت پسند تنظیم داعش نے دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا صنعا دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے، لیکن اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ حملے داعش نے کیے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی یمن کی مساجد پر دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے، کہ وہ آپس کے مسائل پُرامن طریقے سے حل کریں۔ ادھر جنوبی یمن کے شہر عدن میں سکیورٹی فورسز اور مسلح جنگجو گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں 27سکیورٹی اہلکاروں سمیت 29افراد ہلاک ہو گئے۔