26 مارچ 2015
وقت اشاعت: 18:32
جرمنی:پائلٹس کاحادثے کے سوگ میں جہاز اڑانے سے انکار
جیو نیوز - برلن.......جرمن وِنگز کے ایک مسافر طیارے کے حادثے کے بعد اس ادارے کے متعدد پائلٹس نے گزشتہ روز حادثے کے سوگ میں جہاز اڑانے سے انکار کر دیا۔ جرمن ونگز کی مالک کمپنی لُفتھانزا کی ایک خاتون ترجمان نے تاہم بتایا کہ لُفتھانزا کی باقی پروازیں اپنے نارمل شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ اسی تناظر میں جرمن ونگز کی ایک پرواز منسوخ ہو گئی ہے۔ اس کے پائلٹس کا کہنا ہے کہ انہیں اس سانحے کا شدید صدمہ ہے اور وہ پرواز کے متحمل نہیں ہیں، فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ بدھ کے روز کتنے پائلٹس نے جہاز اڑانے سے انکار کیا۔ منسوخ ہونے والی جرمن ونگز کی پرواز کو شہر ڈُسلڈورف سے بارسلونا جانا تھا۔ گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بارسلونا سے ڈُسلڈورف آ رہا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حادثے کے شکار افراد میں کم از کم 72 جرمن اور کم از کم 42 ہسپانوی شہری شامل ہیں۔