تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 مارچ 2015
وقت اشاعت: 1:44

جرمنی طیارہ معاون پائلٹ کے اقدام خود کشی سے تباہ ہوا

جیو نیوز - پیرس........فرانس میں جرمنی کا مسافر بردار طیارہ معاون پائلٹ کے اقدام خود کشی کے باعث تباہ ہوا، یہ ہے وہ دھماکا خیز انکشاف جس کے بعد ایوی ایشن سیفٹی کے ماہرین کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ 1994سے آج تک پائلٹ کی خودکشی سمیت مشکوک حالات میں طیاروں کی تباہی کے تقریبا پچاس حادثات ہوچکے ہیں۔ سب سے سنگین حادثہ انڈونشیا کے سلک ایئر کے بوئنگ 737 طیارے کا تھا، جس میں 104 افراد ہلاک ہوئے۔ امریکی ادارے این ٹی ایس بی نے اسے پائلٹ کی خودکشی قرار دیا۔ پائیلٹ قرض کے بھاری بوجھ تلے دبا ہوا تھا۔ نائن الیون کے بعد کاکپٹ میں ڈور لگانے کے علاوہ امریکا نے اپنی ایئرلائنز کو ہدایت کی، کہ طیارے کے کاکپٹ میں دو افراد ضرور موجود ہوں۔ پائیلٹ کسی ضرورت کے تحت باہر جائے، تو عملے کا کوئی رکن دوسرے پائیلٹ کے ساتھ کاکپٹ میں لازما موجود ہو۔ لیکن جرمن ونگز کے اس طیارے میں اس پر عمل نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پائیلٹ باہر گیا، تو 28سالہ معاون پائیلٹ نے اندر سے ڈور بند کرکے طیارے کا کنٹرول حاصل کرلیا اور پھر نامعلوم مقاصد کے تحت اسے زمین سے ٹکرادیا۔ فلائٹ سیفٹی کے بین الاقوامی ماہر نسیم احمد کا کہنا ہے کہ سیاسی یا ذاتی مقاصد کے تحت اگر پائیلٹ ہی انتہائی اقدام پر آمادہ ہوجائے، تو ایسے میں فلائٹ سیفٹی کے تمام اقدامات بے معنی ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے امریکا اور یورپی ممالک میں پائیلٹس کی ذہبی کیفیت کو اعتدال میں رکھنے کے موضوع پر کام ہورہا ہے، لیکن لاکھوں پائیلٹوں کے ذہنوں کو پڑھنا کیسے ممکن ہوگا۔ ماہرین نے مزید بتایا کہ سلگتے بین الاقوامی مسائل اور دہشت گردی کے اس ماحول میں پائیلٹ بھی برین واش ہوسکتے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کو بھی سنجیدہ خطرات درپیش ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.