تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 مارچ 2015
وقت اشاعت: 17:16

صنعا:روکی گئی پاکستانی قافلے کی گاڑیاں حدیدہ کیلئے روانہ

جیو نیوز - صنعا........یمن کے شہر صنعا میں پھنسے ہوئے سیکڑوں پاکستانیوں کا قافلہ حدیدہ کے لیے روانہ ہوا جسے راستے میں چیک پوسٹ پر روک لیاگیا تھا۔قافلے میں موجود ایک پاکستانی نے تصدیق کی ہے کہ قافلے کے بحفاظت آگے بڑھنے کے لیے بات چیت ہوئی جس کے بعد سیکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے بعد قافلے کو حدیدہ جانے کی اجازت مل گئی اور روکی گئی پاکستانی قافلے کی گاڑیاں حدیدہ کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے کے طیارے جائیں گے، ہم وطنوں کی بحفاظت واپسی کے لیے پورا ملک دعاگو ہے۔یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب اور اتحادی ملکوں کے فضائی حملے دارالحکموت صنعا سے نکل کر شمالی صوبے امران اور سعدہ تک پھیل گئے ہیں،آپریشن فیصلہ کن طوفان کے نام سے کیے جانے والے ان حملوں اور حوثی باغیوں کی جانب سے طیارہ شکن توپوں کی گولا باری کے بعد سے صنعا اور عدن میں رہائش پزیر پاکستانی اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے تھے۔ خانہ جنگی سے متاثرہ ملک سے انخلا کے لیے پاکستانیوں کے قافلے محفوظ مقام حدیدہ کے لیے روانہ ہوچکے ہیں جہاں سے انہیں پاکستان لایا جاسکتا ہے۔ حدیدہ شہر کا دارالحکومت صنعا سے فاصلہ تقریباً چار گھنٹے کا ہے جبکہ عدن سے یہ دورانِیہ 6گھنٹوں پر محیط ہے جو کسی بھی غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے مزید طویل بھی ہوسکتا ہے۔ محصور پاکستانیوں سے جب جیو نیوز نے گفتگو کی تو انہوں نے بتایا کہ راستے کے لیے اپنے طور پر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن آگے کیا صورت حال ہوگی اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ایک اور پاکستانی علی حسن نے بتایا کہ گذشتہ رات صنعا شہر شدید ترین بم باری کا نشانہ بنا جس کے باعث لوگ گھروں کے تہہ خانوں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ محصور پاکستانیوں کا یہ بھی شکوہ ہے انہیں اس بارے میں علم نہیں کہ حدیدہ شہر سے نکلنے کے لیے وہاں حکومت پاکستان نے کس طرح کے انتظامات کیے ہوں گے۔ جیو نیوز کی جانب سے جب حدیدہ میں مقیم ایک پاکستانی شہری پرویز سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا اب تک کی اطلاعات کے مطابق پاکستانی طیارے کل صبح تک حدیدہ پہنچیں گے جس کے بعد پہلے صنعا اور عدن سے آنے والے شہریوں کو وہاں سے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ یمن میں پھنسے مختلف پاکستانیوں نے جیو نیوز سے گفت گو میں حکومت سے درخواست کی ہے کہ انہیں نکالنے کے اقدامات جلد از جلد کیے جائیں ، وہاں مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے لمحے میں یمن کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.