29 مارچ 2015
وقت اشاعت: 17:31
جرمن طیارہ تباہ کرنیوالے پائلٹ کی سابقہ گرل فرینڈ بھی بول اٹھی
جیو نیوز - برلن........جرمن طیارے کو تباہ کرنے والے پائلٹ کی سابقہ گرل فرینڈ بھی بول اٹھی ۔ نفسیاتی مسائل سے دوچار پائلٹ کچھ ایسا کرنا چاہتا تھا کہ لوگ اسے ہمیشہ یاد رکھیں۔ جرمن ائیر بس حادثے کے بعد طیارہ تباہ کرنے والے کو پائلٹ کے بارے میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ اب زبان کھولی ہے کوپائلٹ لیوبٹز کی سابقہ گرل فرینڈ نے جس کا کہنا ہے کہ لیوبٹز نے دو ہزار آٹھ کے آغاز میں کئی مہینوں تک نفسیاتی علاج بھی کروایا تھا۔ کو پائلٹ کی دوست فلائٹ اٹینڈنٹ میری کا کہنا ہے کہ لیوبٹز " برن آؤٹ سنڈروم " نامی نفسیاتی عارضے میں مبتلا تھا اور وہ اس کے رویے کی وجہ سے کافی پریشان رہتی تھی۔ برن آئوٹ سنڈروم کے بارے میں عام علامات میں خالی پن ، ڈپریشن اور اپنی کارکردگی سے غیر مطمئن ہونا شامل ہیں۔ میری کا کہنا ہے کہ لیوبٹز شدید قسم کے خوف کا شکار تھا۔ وہ اکثر راتوں کو چیخ مار کر اٹھ جاتا اور کہتا " ہم نیچے جارہے ہیں"۔ میری نے بتایا کہ جب اُس نے اِس خوفناک حادثے کے بارے میں سنا تو اسے لیوبٹز کے وہ الفاظ یاد آگئے جب گزشتہ سال اس نے کہا تھا ،"ایک دن میں کچھ ایسا کروں گا جو اس سارے سسٹم کو تبدیل کردے گا اور پھر سب میرا نام جان جائیں گے اور اسے یاد بھی رکھیں گے"۔ میری کہتی ہے کہ لیو بٹز کپتان بننا چاہتا تھا۔ اسے صحت کے جو بھی مسائل تھے وہ انہیں چھپانا بہت اچھی طرح جانتا تھا۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے ماہر نفسیات نے لیو بٹز کو کچھ وقت کے لیے کام سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ ایک دوسرے امریکی اخبار اور جرمن میگزین کی رپورٹس میں کہا گیا کہ لیوبٹز کو آنکھوں کی بیماری بھی لاحق تھی ۔ طیارہ تباہ کرنے والے کو پائلٹ کے بارے میں کئی اطلاعات سامنے آرہی ہیں ۔ لیو بٹز کا مسئلہ ذہنی تھا یا وہ جسمانی طورپر بیمار تھا ؟ اس بارے میں آنے والی اطلاعات کی حتمی تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی ۔