31 مارچ 2015
وقت اشاعت: 22:4
یمن کی سرحد پر سعودی فورسز اور حوثیوں میں جھڑپیں
جیو نیوز - صنعا........یمن کی سرحد پر سعودی سیکیورٹی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں ۔ باغیوں کے خلاف اتحادی فوج کے فضائی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ یمن میں چھٹے روز بھی سعودی اور اتحادی ممالک کے طیاروں نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ دارالحکومت صنعا میں شدید بمباری کی گئی ۔ یمن اور سعودی عرب کی سرحد پر بھی جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق عینی شاہدین اور قبائلی ذرائع نے بتایا کہ سرحد پر سعودی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ فریقین نے راکٹوں اور توپ خانے سے ایک دوسرے کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب سعودی وزیرخارجہ سعودالفیصل کا کہنا ہے کہ حوثی باغی ایران کی مدد سے یمن کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں، اگر باغی طبل جنگ بجارہے ہیں تو سعودی عرب تیار ہے ۔ ادھر ایرانی نائب وزیرخارجہ حسین عامر نے یمن میں باغیوں کے خلاف آپریشن روکنے اور مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔