2 اپریل 2015
وقت اشاعت: 23:31
سعودی عرب افواج کی یمن میں زمینی پیش قدمی کا امکان
جیو نیوز - واشنگٹن........امریکا میں سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ یمن کے جنوبی شہر عدن میں زمینی فوج بھیجنے پر غور کررہے ہیں اور سعودی اتحادی کارروائیوں میں اب تک 136 باغی مارے جا چکے ہیں۔ یمن میں سعودی اتحادی فورسز کا آپریشن فیصلہ کن طوفان جاری ہے، ایک ہفتے سے جاری لڑائی میں عدن، الضالع اور لحیج میں اب تک 136باغی مارے جا چکے ہیں۔ سعودی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے آٹھویں روز سعودی واتحادی افواج کی بمباری سے حدیدہ میں سام 3میزائیل ڈیپو تباہ ہوا، جبکہ سعودی اور اتحادی فوج نے حوثی باغیوں کو ہتھیاروں اور بیرونی امداد سے محروم رکھنے کے لیے یمن کے گرد سمندری محاصرہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ ادھرامریکا میں موجود سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ عدن میں حوثی باغیوں کے خلاف حلیف قبائلی اور فوج سے رابطہ میں ہیں اور عدن میں زمینی فوج بھیجنے پر غور کرہے ہیں۔