11 اپریل 2015
وقت اشاعت: 2:43
عدن میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ اسٹیڈیم پر حملہ
جیو نیوز - عدن.........اتحادی فوج نے یمن کے شہر عدن میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ اسٹیڈیم کو نشانہ بنایا ہے، جس میں ان کا اسلحہ جمع تھا۔ ادھر ریڈ کراس نے دارلحکومت صنعاء میں طبی امداد پہنچا دی ہے۔ اقوام متحدہ نے حملوں اور لڑائی میں انسانی بنیادوں پر وقفہ دینے کی اپیل کی ہے۔ ریاض میں بریفنگ کے دوران سعودی فوج کے ترجمان برگیڈیئر جنرل احمد عسیری نے کہا کہ اتحادی طیاروں نے یمن کے 9قصبوں میں باغیوں کے فوجی کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ طیاروں نے عدن شہر کے مرکزی اسپورٹس اسٹیڈیم پر بمباری کی، جس کو باغی اسلحے ڈپو کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ اس کے علاوہ باغیوں کی قائم کردہ چیک پوائنٹس اور دیگر ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بیحان شہر میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ عمارت کے باہر کار بم دھماکا میں 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یمن میں جاری بمباری اور جھڑپوں میں اب تک 650 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ یمن میں اقوام متحدہ کے امدادی کواڈینیٹر نے اپیل کی ہے کہ فضائی حملوں اور زمینی لڑائی میں روزانہ کی بنیاد پر چند گھنٹوں کا وقفہ دیا جائے، تاکہ عالمی ادارے متاثرہ علاقوں میں ادادی سامان پہنچا سکیں۔ عالمی امدادی ادارے ریڈ کراس نے عدن کے بعد پہلی بار دارالحکومت صنعا میں بھی 16ٹن سے زائد طبی اور دیگر امدادی سامان پہنچایا ہے۔ اُدھر ایران کے رہبراعلیٰ سید علی خامنہ ای نے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔