12 اپریل 2015
وقت اشاعت: 16:43
ناروے کے وزیراعظم کا عوامی رائے جاننے کیلئے نیا طریقہ
جیو نیوز - اوسلو........شہریوں کے مسئلے مسائل کیا ہیں؟ حکومت کیسی چل رہی ہے ؟ عوام کی سننے کے لیے ناروے کے ایک وزیر اعظم اسٹولٹن برگ نے اپنی کرسی چھوڑ کر ٹیکسی ڈرائیور کی سیٹ سنبھال لی ، مسافر ہکا بکا رہ گئے ۔ اسٹولٹن برگ تو آج وزیر اعظم نہیں، لیکن ان ماسفروں کو یہ واقعہ آج بھی یاد ہے۔ حکمراں جب اپنے ووٹرز کی رائے جاننا چاہتے ہیں تو وہ سروے کراتے ہیں تاہم ناروے کے وزیر اعظم نے اس بارے میں نیا طریقہ اپنایا، وزیر اعظم جنز اسٹولٹن برگ نے اپنے دور اقتدار میں ہی ڈرائیوروں والا یونیفارم پہنا، کارڈ آویزاں کیا اور ٹیکسی لے کر دارالحکومت اوسلو کی سڑکوں پر نکل پڑے۔ ان کا خیال تھا کہ لوگ ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ بغیر کسی تکلف کے اپنے رائے کا اظہار کرتے ہیں ، تاہم ٹیکسی میں سوار ہونے والے افراد کو جلد ہی اندازہ ہوگیا کہ یہ کوئی عام سفر نہیں ہے،ٹیکسی ڈرائیور میں کوئی خاص بات ہے۔ ٹیکسی میں سوار متعدد مسافروں نے ملکی معاشیات اور تعلیم کی صورت حال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ، جبکہ کچھ کا خیال تھا کہ شاید وزیر اعظم نے یہ نوکری کرلی ہے۔ وزیراعظم نے اپنی شناخت صرف اس وقت ظاہر کی جب ان کو پہچان لیا گیا۔ سواریوں کے ساتھ بات چیت کو خفیہ طور پر ریکارڈ کیا گیا جسے بعد میں وزیراعظم نے فیس بک پر ڈال دیا۔ وزیر اعظم کا موقف تھا کہ ان کے اس اقدام کا مقصد ایک عام شہری کے احساسات اور خیالات کا براہ راست جاننا تھا۔ ناروے کے وزیر اعظم کے اس عمل کے بعد کیا دیگر عالمی رہنما بھی ایسا کچھ کریں گے؟ تصویر کیجئے کہ آپ لندن میں ٹیکسی کی تلاش میں ہوں اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون آپ کو اپنی ٹیکسی میں بٹھالیں یا ، آپ نیویارک میں کسی ٹیکسی میں سوار ہوں جسے باراک اوباما چلارہے ہوں، یا پھر ماسکو میں کسی ٹیکسی کے اسٹیرنگ وہیل کے پیچھے آپ کو ولادمیر پوٹن بیٹھے ہوئے ملیں۔