تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
17 اپریل 2015
وقت اشاعت: 2:44

تعز: سعودی عرب اور اتحادیوں کی فضائی کارروائیاں جاری

جیو نیوز - صنعاء........یمن کے شہر تعز میں مختلف گروپوں اور حوثی باغیوں کے درمیان زمینی لڑائی کے ساتھ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے فضائی کارروائیاں بھی کیں، جبکہ القاعدہ نے مکلہ شہر کے ایئر پورٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔ ریاض میں پریس کانفرنس میں اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری نے بتایا کہ یمن کے شہر تعز میں شدید لڑائی کے بعد اتحادی طیاروں کی فضائی کارروائی جاری ہے، تاہم 24گھنٹے آپریشن کے بعد شہر میں اب صورتحال معمول پر آگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی طیارے ان رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جہاں صرف باغی موجود ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن کے سابق صدرعلی عبداللہ صالح اور صدر منصور ہادی کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ جس میں ٹینک سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ عدن شہر سمیت جنوبی صوبوں میں منصور ہادی کے حامی جنگجووں اور فوج کی حوثی باغیوں کے ساتھ لڑائی جاری ہے۔ سعودی اتحادی طیاروں کی عدن میں تازہ بمباری میں مزید 8باغی ہلاک ہو گئے۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مکلہ شہر پر القاعدہ نے قبضہ کرکے ایئر پورٹ پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق لڑائی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم عالمی امدادی اداروں نے جمعرات کو طیاروں کے ذریعے مزید 17ٹن طبی سامان صنعا پہنچایا۔ یمنی حکام کے مطابق صنعا کے اسپتالوں میں طبی سامان اور جنریٹر چلانے کے لیے ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث کوئی سانحہ جنم لے سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق چھبیس مارچ سے یمن میں اب تک 736افراد ہلاک اور 2700زخمی ہوچکے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.