17 اپریل 2015
وقت اشاعت: 17:32
سری نگر:مسرت عالم کی گرفتاری کیخلاف ریلی،شرکاء پر لاٹھی چارج
جیو نیوز - سری نگر......کشمیری رہنما مسرت عالم کی گرفتاری کے خلاف سری نگر میں میر واعظ کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، اس دوران بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ، شیلنگ اورلاٹھی چارج سے 14 کشمیری زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر نعرے لگائے گئے۔ یہی نعرے بھارت کو نہیں بھاتے، ہر دور اور ہر دن کشمیریوں کی جدوجہد اور ان کی آواز کو دبانے میں بھارتی حکومت کوئی کثر نہیں چھوڑتی۔ حالیہ ریلیوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ زورو زبردستی ان آوازوں کو نہیں دبا سکتی۔کچھ عرصہ قبل دختران ملت کی آسیہ اِندرابی نے پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور پھر سری نگر میں حریت رہنماؤں کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی، جس میں کشمیریوں نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا اور وادی میں جیوے جیو ے پاکستان کے نعرے گونجے۔ مودی سرکاراس جرأت پر آگ بگولہ ہوگئی اور اس نے جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ آج اسی مطالبے پر عمل ہوا اور حریت رہنما مسرت عالم گرفتار کرلیے گئے جبکہ علی گیلانی کو نظر بند کردیا گیالیکن یہ گرفتاریاں بھی کشمیریوں کا حوصلہ پست نہ کرسکیں۔ گرفتاریوں کے خلاف میر واعظ کی قیادت میں ایک بار پھر احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بھارتی سیکورٹی فورسز نے روایتی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو روکنے کے لئے شیلنگ اورلاٹھی چارج کیا گیاجس سے 14 کشمیری زخمی ہوگئے۔ اس دوران بھارتی پرچم نذرِ آتش گیا، جبکہ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔