18 اپریل 2015
وقت اشاعت: 19:48
افغان شہر جلال آباد میں دھماکے کی ذمے داری داعش نے قبول کرلی
جیو نیوز - جلال آباد.......افغانستان میں ہونے والے دھماکے کو طالبان نے شیطانی فعل قرار دیا ہے۔ دھماکے کی ذمے داری داعش نے قبول کرلی۔ جلال آباد دھماکے میں معصوم بچوں سمیت 41افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں موٹر سائیکل سوار نے صبح کے وقت بینک کے باہر تنخواہیں حاصل کرنے والے سرکاری ملازمین کے درمیان دھماکا کیا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بیان کیا جارہا ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شیطانی فعل قرار دیا اور اس کی ذمے داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے جبکہ غیرملکی خبر ایجنسی کو موصول ہونے والی کال میں ایک شخص نے خود کو داعش کا ترجمان بتاتے ہوئے جلال آباد دھماکے کی ذمے داری قبول کی ہے۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ جلال آباد میں ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری پہلی بار داعش نے قبول کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی جلال آباد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔