25 اپریل 2015
وقت اشاعت: 18:59
نیپال کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1457 ہوگئی
جیو نیوز - کٹھمنڈو.......نیپال کی 80 سالہ تاریخ میں 7اعشاریہ 9 شدت کے بدترین زلزلے نے قیامت ڈھا دی، ہلاکتوں کی تعداد 1457ہوگئی۔نیپال نیشنل ایمرجنسی سینٹرنے 1457ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔کوہ ہمالیہ کی گود میں واقع نیپال میں دوڑتی بھاگتی زندگی کو زمین کی ایک ہولناک گڑگڑاہٹ نے موت کے سکوت میں بدل دیا۔شان سے سر اٹھائے کھڑی تاریخی اور رہائشی عمارتیں اس طرح زمین بوس ہوئیں جیسے کبھی تھیں ہی نہیں، وہ سڑکیں جہاں زندگی رواں تھی دو لخت ہو کر دہشت کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کھٹمنڈو ایئر پورٹ پرواز کے قابل نہ رہا اور مواصلاتی نظام ناکارہ ہوگیا۔لمحوں کے زلزلے سے برسوں کی تاریخ رقم ہوئی، زخمیوں کی آہ و بکا اور جا بجا بکھرے قیامت صغریٰ کے مناظر نے لوگوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کردیا، سیکڑوں لوگ جان سے گئے اور اس سے کہیں زیادہ لوگ ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ زلزلے نے ماؤنٹ ایورسٹ کو بھی لرزا دیا اور برفانی تودہ گرنے سے کیمپ میں موجود 18 کوہ پیما ہلاک ہوئے جبکہ ایک ہزار سے زائد برف تلے دبے امداد کے منتظر ہیں۔زلزلے کے جھٹکے پاکستان سمیت بنگلا دیش، بھارت اور چین کے علاقے تبت میں بھی محسوس کیے گئے، بھارت کے اتر پردیش، بہار اور مغربی بنگال میں 34، تبت میں 6 اور بنگلا دیش میں 2 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔