تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
26 اپریل 2015
وقت اشاعت: 2:20

نیپال میں 7.9شدت کا بدترین زلزلہ،ہلاکتیں1500 ہوگئیں

جیو نیوز - کھٹمنڈو........نیپال کی 80سالہ تاریخ میں 7.9شدت کے بدترین زلزلے نے قیامت ڈھا دی، ہلاکتوں کی تعداد 1500تک پہنچ گئی ہے۔ کوہ ہمالیہ کی گود میں واقع نیپال میں دوڑتی بھاگتی زندگی کو زمین کی ایک ہولناک گڑگڑاہٹ نے موت کے سکوت میں بدل دیا۔ شان سے سر اٹھائے کھڑی تاریخی اور رہائشی عمارتیں اس طرح زمین بوس ہوئیں، جیسے کبھی تھیں ہی نہیں، وہ سڑکیں جہاں زندگی رواں تھی دو لخت ہو کر دہشت کا منظر پیش کرنے لگیں، کھٹمنڈو ایئر پورٹ پرواز کے قابل نہ رہا اور مواصلاتی نظام ناکارہ ہوگیا، لمحوں کے زلزلے سے برسوں کی تاریخ رقم ہوئی، زخمیوں کی آہو بکا اور جا بجا بکھرے قیامت صغری کے مناظر نے لوگوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کردیا، سیکڑوں لوگ جان سے گئے اور اس سے کہیں زیادہ لوگ ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، زلزلے نے ماؤنٹ ایورسٹ کو بھی لرزا دیا اور برفانی تودہ گرنے سے کیمپ میں موجود 18کوہ پیما ہلاک ہوئے جبکہ ایک ہزار سے زائد برف تلے دبے امداد کے منتظر ہیں، زلزلے کے جھٹکے پاکستان سمیت بنگلا دیش، بھارت اور چین کے علاقے تبت میں بھی محسوس کیے گئے، بھارت کے اتر پردیش، بہار اور مغربی بنگال میں 34، تبت میں6 اور بنگلا دیش میں2 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.