تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 اپریل 2015
وقت اشاعت: 1:49

نیپال: امدادی سرگرمیاں جاری ۔ ہلاکتیں4 ہزار سے بڑھ گئیں

جیو نیوز - کٹھمنڈو.....نیپال میں زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ ساڑھے 7ہزار افراد زخمی ہیں ۔ زلزلے سے بھارت اور چین میں بھی90 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں ، آفٹر شاکس کے خوف کے باعث لوگ کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔نیپال میں 3روز قبل آنے والے زلزلے کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ بلند و بالا عمارتیں اور ہنستے بستے گھر کھنڈر میں بدل گئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے ساتھ ملبے کے ڈھیر سے مزید لاشیں مل رہی ہیں ۔ اورہر گزرتے دن کے ساتھ ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔آفٹر شاکس کے خوف کے باعث ہزاروں افراد دارالحکومت کٹھمنڈو چھوڑ کر جا رہے ہیں ۔ بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث کھانے پینے کی اشیا سمیت ایندھن کی قلت کا سامنا ہے۔ عالمی امدادی اداروں نے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کے ترجمان کے مطابق پہلی فضائی امداد پہنچنے کے بعد جلد ہی بڑے پیمانے پر امدادی آپریشن شروع کردیا جائے گا۔چین، فرانس ، اسپین، جرمنی اور بھارت سمیت دیگر ممالک کی سرچ اور ریسکیو ٹیمیں کٹھمنڈو پہنچ گئی ہیں۔ امریکا کی جانب سے 10لاکھ ڈالر امداد کے بعد وزیرخارجہ جان کیری نے نیپال کے زلزلہ متاثرین کے لیے اضافی 9لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ادھر امریکا نے تصدیق کردی ہے کہ زلزلے کے باعث ماونٹ ایورسٹ میں برفانی تودے سے ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں میں 2امریکی شہری بھی شامل ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.