29 اپریل 2015
وقت اشاعت: 23:32
نیپال:ہلاکتیں5ہزارسے زائدہوگئیں،امدادی سرگرمیاںجاری
جیو نیوز - کٹھمنڈو......نیپال میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار سے زیادہ ہوگئی، چین اور بھارت میں بھی سو افراد کی جان گئی، کئی افراد کو 3دن بعد ملبے سے نکال لیا گیا، پاک فوج بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہوگئی، جیونیوز کی ٹیم بھی کٹھمنڈو پہنچ گئی۔ قیامت خیز زلزلے کے بعد نیپال میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ہفتے کی صبح آنے والے 7اعشاریہ 9شدت کے زلزلے نے بستیاں یوں اجاڑ دیں، جیسے کبھی یہاں کسی کا بسیرا تھا ہی نہیں۔اس تباہی میں 5ہزار سے زائد افراد کی جان گئی اور 10ہزار سے زائد زخمی ہوئے جو کٹھمنڈو اور گردو نواح کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔نیپال اور دنیا بھر سے آئی میڈ یکل ٹیموں نے خیمے لگا رکھے ہیں جہاں ڈاکٹر 24گھنٹے زخمیوں کے علاج معالجے میں مصروف ہیں۔ان ہی ایمرجنسی اسپتالوں میں پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے میڈیکل کیمپ بھی ہیں۔ یہاں پاک فوج سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنے نیپالی بھائیوں کی خدمت میں سرگرم عمل ہیں۔دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے خیمے، خوراک اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں تاہم دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی ٹیموں کودشواری کا سامنا ہے۔عالمی اداروں کے مطابق قدرتی آفت کی ہولناکی کا شکار متاثرہ علاقوں میں 80 لاکھ سے زائد افراد غذا اور پانی کی کمی کا شکار ہیں اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے نیپال میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 41 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔