30 اپریل 2015
وقت اشاعت: 14:5
نیپال: ملبے سے 4ماہ کا بچہ اور 15سال کا لڑکا نکال لیاگیا
جیو نیوز - کھٹمنڈو............جسے اللہ زندگی دے اسے بڑی سے بڑی آفت بھی موت کے منہ میں نہیں لے جاسکتی ،نیپال میں ہولناک زلزلے کے بعد منوں ملبے تلے اب بھی کہیں کہیں زندگی کے آثار مل رہے ہیں ۔ نیپال میں ہفتے کو آئے ہولناک زلزلےکے بعد ہر طرف تباہی ہی تباہی ہے،ملبے کے ڈھیر لگے ہیں لیکن ایسے ہی ملبے سے کئی زندگیاں بھی ملی ہیں ۔ زلزلے کے پانچ روز بعد کٹھمنڈو میں مقامی ہوٹل کے ملبے سے 15 سالہ نوجوان کو زندہ نکالا گیا ہے۔ بھٹکا پور میں چار ماہ کا بچہ بائیس گھنٹے تک ملبے تلے دبا رہااور اسے معمولی خراش کے سوا کوئی زخم نہیں آیا ،بچے کےرونے کی آواز ریسکیو اہلکاروں کی اس طرف توجہ کا سبب بنی۔ عمارت کے ملبے سے 19 گھنٹے بعد ایک شخص کو زندہ نکا لا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے کھٹمنڈو میں اپارٹمنٹ بلڈنگ کے ملبے سے 28سالہ نوجوان کو 80گھنٹے بعد نکالا۔ ریسکیو ٹیمیں زلزلے کے 62 گھنٹے بعد 21 سالہ شخص اور 50گھنٹے بعد ایک خاتون کو بھی زندہ نکال چکی ہیں۔ زندہ بچ جانے والے ان افراد کو دیکھ کر ملبے سے مزید زندگیوں کے ملنے کی امید بڑھ گئی ہے۔