3 مئی 2015
وقت اشاعت: 0:4
حکومت اور افغان طالبان کے درمیان آج سے مذاکرات کا آغاز
جیو نیوز - دوحہ.........افغانستان میں قیام امن کے لیے آج قطر میں افغان حکومت اور افغان طالبان میں باضابطہ مذاکرات شروع ہورہے ہیں۔ قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق قطر میں آج سے 2روزہ علاقائی کانفرنس شروع ہورہی ہے، جس کے لیے افغان حکومتی وفد دیگر جماعتوں کے نمائندوں کے علاوہ طالبان کا وفد بھی قطر پہنچ چکا ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ اس کانفرنس میں طالبان کا 8رکنی وفد شرکت کرے گا، تاہم اس بات کی وضاحت بھی کی گئی کہ تمام فریقین اپنی ذاتی حیثیت میں مذاکرات میں شرکت کررہے ہیں۔ افغان صدارتی ترجمان اجمل عابدی کے مطابق افغان امن کونسل کا وفد طالبان کے ساتھ گفتگو میں شرکت کرے گا۔ انھوں مزید کہا ہے کہ افغان امن کونسل کے ارکان قطر میں گلبدین حکمت یار کی قیادت میں حزب اسلامی پارٹی کے 2نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل 2013میں امریکا کی رضامندی سے قطر میں طالبان کا دفتر بھی قائم کیا گیا تھا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ طالبان کے رہنما ملا عمر نے اس بات چیت کی منظوری دی ہے یا نہیں۔