3 مئی 2015
وقت اشاعت: 14:4
نیپالی آرمی چیف کا پاک فوج کے فیلڈ کیمپ کا دورہ
جیو نیوز - کھٹمنڈو.........نیپالی آرمی چیف نے پاک فوج کے فیلڈ کیمپ کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں پر پاک فوج اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ زلزلے سے متاثرہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں پاکستان آرمی کے جوان اور آفیسر متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں ، پاک فوج کا فیلڈ اسپتال ، زلزلے کے متاثرہ زخمیوں کاعلاج معالجہ کررہا ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کررہاہے۔ نیپال کے آرمی چیف گورو رانا نے آج کھٹمنڈو میں پاک فوج کے فیلڈ اسپتال کا دورہ کیا ، نیپالی آرمی چیف کو اس موقع پر پاک فوج کے آفیشلز کی جانب سے آرمی کے کیمپ میں امدادی کارروائیوں پر بریفنگ بھی دی گئی ، اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ پاک فوج کے اہلکار کسی بھی قسم کی امداد کے لیے ہروقت تیار ہیں۔ نیپالی آرمی چیف نے زلزلہ متاثرین کی امداد کےلیے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور فیلڈ اسپتال میں موجود افراد کی عیادت بھی کی ، اسی دورے کے موقع پر جب نیپالی آرمی چیف کا پاک فوج کے کیمپ میں موجود پاکستانی آفیشلز سے تعارف کرایا جارہا تھا تو انہوں نے ایک اہلکارسے کہاکہ وہ باکسر کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔