4 مئی 2015
وقت اشاعت: 3:16
ایتھوپین اسرائیلوں کا پولیس کے امتیازی و ظالمانہ رویے کیخلاف مظاہرہ
جیو نیوز - یروشلم.......ایتھوپین اسرائیلوں نے پولیس کے امتیازی اور ظالمانہ رویے کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرے کے دوران پولیس سے جھڑپ میں 46پولیس اہلکاروں سمیت 53افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرے 2اسرائیلی پولیس اہلکاروں کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ہوئے، جس میں وہ ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے فوجی کو زدوکوب کررہے ہیں۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھارے رکھے تھے، جن پر پولیس کے امتیازی رویے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے تل ابیب میں بلدیہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس ایکشن میں آگئی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپ چلادی گئی اور اسٹن گرنیڈ پھینکے گئے۔ مظاہرین نے بھی پانی کی خالی بوتلیں اور آنسو گیس کے شیل سمیت جو ہاتھ لگا، دے مارا۔ اسی آنکھ مچولی کے دوران 46پولیس اہلکار اور 7مظاہرین زخمی ہوگئے اور پولیس نے 26افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔