4 مئی 2015
وقت اشاعت: 7:0
نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد7ہزار300سے بڑھ گئی
جیو نیوز - کھٹمنڈو........نیپال میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی ہے ۔ زلزلے سے متاثرہ کھٹمنڈو کی تین چوتھائی عمارتیں ناقابل رہائش قرار دے دی گئی ہیں ۔ دور دراز علاقوں میں لوگ اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔نیپال میں پچیس اپریل کو آئے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔قدرتی آفت کے دسویں روز بھی دارالحکومت کھٹمنڈوکے شمالی پہاڑی علاقوں اور وادیوں میں موجود متاثرین خیموں، ادویات اور خوراک کے منتظر ہیں۔نیپالی حکام کے مطابق کئی علاقوں میں تباہی نوے فیصد کے قریب ہے جبکہ کھٹمنڈوکی تین چوتھائی عمارتیں ناقابل رہائش قرار دے دی گئی ہیں۔ضلع سندھو پلچوک کے 95 فیصد گھر تباہ ہو چکے ہیں۔امدادی کارروائیوں میں ملبے تلے موجود افراد میں سے کسی کے زندہ بچ جانے کی امیدیں بھی کم ہوتی جا رہی ہیں۔لیکن جسے اللہ رکھے اسے کو چکھے، کھٹمنڈو میں ریسکیو اہلکاروں نے ایک ہفتے بعد ملبے میں دبےایک سو ایک سال کے بزرگ شہری کو زندہ نکال لیا ۔ادھربین الاقوامی برادری کی جانب سے نیپال پہنچنے والی امداد کا بڑا ذخیرہ کھٹمنڈو ائر پورٹ پر کسٹم کلیئرنس نہ ملنے کے باعث پھنسا ہوا ہے۔اقوام متحدہ نے نیپالی حکومت پر امدادی سامان کی کسٹم کلیئرنس کا کام تیز کرنے پر زور دیا ہے۔وزیراعظم سشیل کوئرالا نے اقوام متحدہ کو معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔