5 مئی 2015
وقت اشاعت: 1:48
نیپال:زلزلےسے60یورپی شہریوں سمیت 112غیرملکی تاحال لاپتا
جیو نیوز - کٹھمنڈو......نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 366 ہو گئی ہے، جبکہ ساڑھے 14ہزار زخمی ہیں۔ 60یورپی شہریوں سمیت 112غیر ملکی تا حال لاپتا ہیں۔نیپال میں 25 اپریل کو آنے والا ہولناک زلزلہ تباہی کے سیکڑوں نشان چھوڑ گیا ۔ دارالحکومت کٹھمنڈو میں تو زندگی معمول پر آگئی ہے ۔ لیکن دور دراز علاقوں میں کئی روز بعد ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ریلیف آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔ عالمی ادارہ خوراک سمیت دیگر عالمی اداروں کے رضاکاروں نے پہلی بار ان علاقوں میں کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا ۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے مطابق زلزلے سے 17لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں جو اپنے خاندان ،گھر ، اسکول اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہوگئے ہیں ۔تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے لاشیں نکلنے کا سلسلہ جاری ہے ، نیپالی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد10ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ نیپالی حکام کے مطابق زلزلے کے باعث 57 غیر ملکی ہلاک جبکہ 112 لاپتا ہیں ۔ ادھر یورپی یونین کا کہنا ہے کہ زلزلے سے نیپال میں 13یورپی شہری ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ 60تاحال لاپتا ہیں۔