7 مئی 2015
وقت اشاعت: 20:20
برطانیہ: پولنگ ختم ہونے میں 5گھنٹے سے کم وقت رہ گیا
جیو نیوز - لندن........برطانیہ میں پولنگ کاوقت ختم ہونے میں 5گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، کئی شہروں میں دن ڈھلنے کے بعد ووٹنگ کی شرح میں تیزی آئی ہے۔ برطانیہ میں ہاؤس آف کامنزکے 650 حلقوں کے لیے 3971 امیدوار آمنے سامنے ہیں جن کے انتخابات کے لیے صبح 7بجے سے پولنگ کاآغاز ہوا۔ لندن، بریڈفورڈ، مانچسٹر، برمنگھم اور گلاس گو سمیت مختلف شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ برطانیہ میں قریباً ساڑھے چارکروڑ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں اور ووٹ ڈالنے والوں کا کہناتھا کہ حق رائےدہی استعمال کرکے وہ اپنی آواز پارلیمنٹ تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ بعض شہروں میں بارش کے باوجود ووٹرز کاٹرن آؤٹ بہتر رہا۔ برطانیہ کی مختلف پارلیمانی نشستوں پرمختلف جماعتوں سے تعلق رکھنےوالے درجنوں پاکستانی نژاد امیدواروں کامستقبل بھی داؤپر ہے۔ کیمرون کلیگ اتحادی حکومت کے 5سال پورے ہونے پر اس انتخاب کاتاریخی اہمیت کاحامل قراردیا گیا ہے۔