7 مئی 2015
وقت اشاعت: 23:15
برطانیہ انتخابات: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
جیو نیوز - لندن........برطانیہ میں انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ پولنگ مقامی وقت کے مطابق ٹھیک10 بجے ختم ہوئی اور ساتھ ہی ایگزٹ پول کا نتیجہ بھی آ گیا۔ ایگزٹ پول کے مطابق کنزرویٹو پارٹی 316، لیبر پارٹی 239، لب ڈیم 10، ایس این پی58 اور یو کے آئی پی کے2 نشتوں پر جیتنے کا امکان ہے۔ پول نتیجے کے مطابق کوئی بھی جماعت تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، چونکہ حکومت قائم کرنے کے لیے 326ارکان کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی اور لب ڈیم مل کر حکومت قائم کرسکتے ہیں۔ ایگزٹ پول کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں اسکاٹش نیشنل پارٹی اور ایس این پی 59 میں سے 58سیٹیں جیتتی نظر آرہی ہے، جو پارٹی کے لیے ایک تاریخی فتح ہوگی۔ ایگزٹ پول کے حوالے سے ایس این پی کی رہنما نکولا اسٹرجن نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایگزٹ پول کے نتائج کو انتہائی احتیاط سے دیکھنے کی ضرورت ہے اور ان کا نہیں خیال کہ اس این پی کو 58سیٹیں ملیں گی۔