8 مئی 2015
وقت اشاعت: 20:22
انتخابات میں جیتنے والے پاکستانی نژاد برطانویوںکی تعداد 10 ہوگئی
جیو نیوز - لندن........برطانیہ کے انتخابات میں 10 پاکستانی نژاد برطانوی بھی جیت گئے، صادق خان، خالد محمود،ساجد جاوید، عمران حسین، نصرت غنی،تسمینہ شیخ،یاسمین قریشی،رحمان چشتی اورشبانہ محمود نے میدان مارلیا، ویسٹ بریڈ فورڈ سے جارج گیلووے کو لیبر کی ناز شاہ نے ہرا دیا، گلاسگو سے انس سرور کامیاب نہ ہو سکے۔گلاسکو کے حلقے سے پاکستانی نژاد اداکارہ تسمینہ شیخ کامیاب ہوئیں۔ اسکاٹش نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر انہوں نے 26 ہزار 620 ووٹ حاصل کیے۔ ٹوٹنگ کے حلقے سے لیبر پارٹی کے صادق خان نے 25 ہزار 263 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مقابلے میں کنزرویٹو امیدوار نے 22 ہزار 421 ووٹ حاصل کیے۔ پیری بار کے حلقے سے لیبر پارٹی کے خالد محمود جیت گئے جنہوں نے 23 ہزار 967 ووٹ حاصل کیے۔ وئیلڈن کے حلقے سے کنزرویٹو پارٹی کی امیدوار نصرت غنی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے 32 ہزار 508 ووٹ حاصل کیے۔ بروز گرووز سے کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار ساجد جاوید نے 28 ہزار 133 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ بولٹن کے حلقے سے لیبر پارٹی کی یاسمین قریشی 18 ہزار 782 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں۔ برمنگھم لیڈی ووڈ سے لیبر پارٹی کی شبانہ محمود 26 ہزار 444 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر پارٹی کی ناز شاہ نے 19 ہزار 977 ووٹ لے کر ریسپیکٹ پارٹی کے جارج گیلووے کو شکست دی۔ گیلووے 8 ہزار 557 ووٹ لے سکے۔