9 مئی 2015
وقت اشاعت: 2:44
کنزرویٹوز کے ڈیوڈ کیمرون نے انتخابات جیت کر حق حکمرانی حاصل کرلیا
جیو نیوز - لندن..........برطانوی دارالعوام کے انتخابات میں ایک بار پھر کنزرویٹو پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔ 331نشستیں جیتنے والی کنزرویٹو کے سربراہ ڈیوڈ کیمرون نے حق حکمرانی حاصل کرلیا ہے۔ گذشتہ 5برسوں سے برطانیہ میں برسر اقتدار ڈیوڈ کیمرون 1بار پھر وزارت عظمیٰ کا تاج سر پر سجانے کے لیے تیارہیں۔ عام انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی 331نشستیں جیت کر دارالعوام میں دوبارہ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، لیبرپارٹی نے232 اور اسکاٹش نیشنل پارٹی نے56 نشستیں جیتیں۔ ڈیوڈ کیمرون کی جماعت کو ایوان میں سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے اور اب انہیں اقتدار حاصل کرنے کے لیے مزید کسی جماعت کی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔ برطانوی روایت کے مطابق کامیابی کے بعد ڈیوڈ کیمرون اپنی اہلیہ کے ہمراہ بکنگھم پیلس پہنچے، جہاں انہوں نے ملکۂ برطانیہ سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے 10ڈاؤننگ اسٹریٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے یورپی یونین میں ممبرشپ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کو اختیارات کی منتقلی کے وعدوں کا اعادہ کیا، کنزرویٹو کی روایتی حریف لیبر پارٹی اندازوں سے بہت کم نشستیں حاصل کرپائی۔ لیبر کے سربراہ ایڈ ملی بینڈ نے شکست تسلیم کرتے ہوئے استعفا دے دیا ہے، جبکہ لبرل ڈیموکریٹ کے سربراہ نک کلیگ اور یو کِپ جماعت کے رہنما نائیجل فراج بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔