12 مئی 2015
وقت اشاعت: 2:3
یمن: حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی شہر نجران پر بمباری کردی
جیو نیوز - صنعاء........یمن کے حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی سرحدی شہر نجران پر بمباری کی ہے۔ بمباری کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 4زخمی ہوگئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق جاں بحق شخص کا تعلق پاکستان سے ہے۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق حوثی باغیوں نے سرحدی علاقے نجران کے رہائشی علاقوں اور ایک اسکول پر مارٹر گولے فائر کئے، جس میں ایک غیر ملکی شہری جاں بحق اور بچے سمیت 4غیر ملکی زخمی ہوگئے ہیں۔ باغیوں کے حملوں میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 11ہوگئی ہے، جب کہ عرب ٹی وی کے مطابق جاں بحق شخص کا تعلق پاکستان سے ہے۔ حوثی باغیوں کے حملوں کے جواب میں سعودی اتحادی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں اسلحہ اور میزائل ڈپو کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہر دھماکوں سے گونج اٹھا، مقامی حکام نے اس حوالے سے ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی۔ دوسری جانب حوثی نیوز چینل کے مطابق حوثیوں کے ایئر ڈیفس نے مراکش کے 1ایف سولہ طیارے کو ’صدا‘ کے علاقے میں مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ مراکش نے بھی اتحادی ممالک کے جنگی بیڑے میں شامل اپنے 6میں سے 1ایف سولہ طیارے کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی ہے۔