13 مئی 2015
وقت اشاعت: 2:20
نیپال میں ایک بار پھر خوفناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد74 ہوگئی
جیو نیوز - کھٹمنڈو.......نیپال اور بھارت میں 7اشاریہ 3 کے زلزلے سے اب تک 74افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ نیپال کی فضاؤں میں ایک بار پھر خوف کا راج، 17روز بعد ہی ایک اور زلزلے نے نیپال میں پھر قیامت بپا کردی، خوفناک گڑگڑاہٹ سے زمین ہلی، تو معمول کی سرگرمیوں میں مصروف لوگ خوف سے چیختے چلاتے باہر کی طرف بھاگے۔ نیپالی پارلیمنٹ سے اراکین بھی کارروائی چھوڑ کر باہر نکل آئے، زلزلے کے بعد آنے والے 6بڑے جھٹکوں نے کمزور عمارتوں میں مزید دراڑیں ڈال دیں اور سندھو پال چاک اور رسووا کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ 25اپریل کو ہولناک زلزلے کی تباہ کاریاں سہنے والے خوف ودہشت کے عالم میں کٹھمنڈو چھوڑ کر جارہے ہیں۔ کٹھمنڈو ایئر پورٹ بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پہلے زلزلے سے مخدوش اور تباہ حال نیپال میں آج کے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریاں بہت زیادہ تباہ کن ثابت ہوسکتی ہیں۔ 25 اپریل کو نیپال میں آنے والے خوفناک زلزلے سے 8ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ملبہ بنی ان عمارتوں سے لاشیں نکالنے کا کام اب تک جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ بھارت کے بہار، اترپردیش، چین کے تبت اور افغانستان میں بھی آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، بھارت میں بہار اور اترپردیش میں ہلاکتوں کی اطلاع ہے، جبکہ گھروں اور اسکول کی دیوار گرنے سے طلبا سمیت درجنوں زخمی ہیں، تبت میں بھی زلزلے سے 1ہلاک، 3زخمی ہیں، جبکہ 2گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔