7 اگست 2015
وقت اشاعت: 14:44
چودھویں کے چاند کی طرح چمکنے والا تاج محل پیلا پڑ گیا
جیو نیوز - آگرہ.......زہریلی اور آلودہ فضا،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، چتاؤں سے اٹھتے دھوئیں کے باعث،چودھویں کے چاند کی طرح چمکنے والے تاج محل کا رنگ پیلاپڑا، بھارتی حکومت نے لاکھوں روپے خرچ کیے،پر اس کی خوبصورتی واپس نہ لاسکے۔ سترہویں صدی میں مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیگم ممتاز کی یاد میں تاج محل تعمیر کرایا تھا،لیکن لافانی محبت کی اس علامت کےحسن کو گہن لگتا جارہا ہے۔ زہریلی اور آلودہ فضا،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، دریا کنارے اٹھنےوالا چتاوں کا دھواں،تاج محل کی خوبصورتی کو داغدار کر رہا ہے۔ عمارت کا سفید رنگ پیلا پڑتا جارہاہے۔ تاج محل کے تحفظ کے لئے بنائی گئی بھارتی سپریم کورٹ کی مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن ڈی کے جوشی کا کہنا ہے کہ تاج محل کے اطراف واقع صنعتوں کے سبب فضامیں زہریلی گیسوں کا تناسب بڑھتا جارہا ہے، جس سے تاج محل کے سفید پتھروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ حکومت لاکھوں روپے خرچ کر کے بھی تاج محل کی مدھم ہوتی خوبصورتی کو بچانے میں ناکام رہی ہے۔ دنیا کے عجائبات میں شامل اس محل کو یونیسکو تاریخی ورثہ، تعمیراتی دنیا کا عظیم ترین شاہکار اوراسلامی فن تعمیر کا اعلیٰ نمونہ قرار دے چکا ہے۔