8 اگست 2015
وقت اشاعت: 18:36
سانحہ ماڈل ٹاون کی جےآئی ٹی رپورٹ، پاکستان عوامی تحریک یورپ کاغم و غصے کا اظہار
جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......سانحہ ماڈل ٹاون پر حکومت کی طرف سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ پر آورسیر پاکستانیوں اور خصوصی طور پر پاکستان عوامی تحریک یورپ کے راہنماوں کی طرف سے شدید ردعمل اور غم غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ پر اعلی قیادت سے مشاورت کے بعد حصول انصاف کے لئے عالمی اداروں سے انصاف کے لیے رجوع کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں جنگ سے گفتگو کرنے اور پریس ریلیز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک فرانس و یورپ کے صدر حاجی محمد اسلم چوھدری نے کہا کہ دھن، دھونس، دھاندلی سے قائم جعلی جمہوریت کی جے آئی ٹی نے قاتلوں کو کلین چٹ دے کر پاکستان میں قانونی اداروں کی کریڈبیلٹی پر ایک بڑا سوالیہ نشان رقم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کی رپورٹس گواہ ہیں کہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ پر پولیس کی چڑھائی یکطرفہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مرکزی قیادت پہلے ہی کلیر کر چکی تھی کہ قاتلوں کو کلین چٹ دینے کے لیے قائم کی گئی جے آئی ٹی منظور نہیں۔ حاجی محمد اسلم نے زور دے کر کہا کہ ہمارا قاتل پنجاب کا وزیر اعلیٰ ہے اور معاون قاتل رانا ثناء اللہ اور دیگر افسران ہیں، لیکن قاتل اعلیٰ کان کھول کر سن لیں 14بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور غیر قانونی جے آئی ٹی کو تسلیم کیا نہ اسکی نام نہاد رپورٹ کو مانتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک فرانس کے جنرل سیکریٹری نعیم چوھدری نے مبینہ رپورٹ پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ نے قاتل اعلیٰ کے فائرنگ اسکواڈ کے باپ کا کردار ادا کرتے ہوئے 14بے گناہوں کے خون پر مٹی ڈالنے کی ناپاک حرکت کی ہے، جس کی سزا اسے اس دنیا میں بھی ملے گی اور آخرت میں بھی اسکا منہ کالا ہو گا۔ اسی طرح ڈپٹی سیکرٹری جنرل طاہر عباس گورائیہ سمیت دیگر راہنماوں نے بھی اس فیصلہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتنے افسوس کہ بات ہے کہ ایک من پسند لوگوں کی ٹیم جس کو ہماری جماعت نے تسلیم ہی نہیں اور نہ ہی ہم اس کے سامنے پیش ہوئے نے ایک یکطرفہ رپورٹ تیار کرکے وقت کے غاصب حکمرانوں کو بری کرتے ہوئے از خود ہی بے گناہ قرار دے دیا ہے، مگر ہم واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہیدوں کا خون کسی صورت بھی رایگاں نہیں جانے دیں گے اور انصاف کے حصول کے لیے ہر دروازے پر دستک دیں گے اور یہ خون انشاللہ تعالی رنگ لائے گا اور ملزم کو انصاف کے کٹھرے میں لا کے رہیں گے۔