تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
9 اگست 2015
وقت اشاعت: 22:35

صنعاء: سعودی اتحادی فوج کا حدیدہ نیول بیس پر حملہ، 43باغی ہلاک

جیو نیوز - صنعاء........یمن میں سعودی اتحادی فوج کے فضائی حملے میں حدیدہ نیول بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ صنعا میں فضائی حملوں میں 43 باغیوں کے مارے جانے کی اطلاعاتبھی موصول ہوئی ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے بحیرہ احمر کے کنارے واقع شہر حدیدہ میں ایک نیول بیس پر بمباری کی۔ حدیدہ کی بندرگاہ پر حوثی باغیوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق نیول بیس پر لڑاکا طیاروں اور بحری جہازوں سے بمباری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوگیا ہے، حملے میں وہاں لنگر انداز 2جنگی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں سے ایک بحری جہاز تباہ ہوگیا ہے۔ ادھر حوثی باغیوں نے جنوبی شہر عدن میں مقامی مزاحمتی فورسز کے ایک ٹھکانے پر گولہ باری کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں اور صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے نتیجے میں اب تک 2000افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.