11 اگست 2015
وقت اشاعت: 14:45
بھارت و امریکا کا 10سالہ اسٹریٹجیک ڈیفنس فریم ورک معاہدہ طے پا گیا
جیو نیوز - نئی دہلی........بھارت اور امریکا کے درمیان 10سالہ اسٹریٹجیک ڈیفنس فریم ورک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے پاکستان کو اسلحہ فروخت کرنے پر بھارت کو تحفظات ہیں۔ امریکی وزیر دفاع ایسٹن کارٹر نے نئی دلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کے تحت بھارت اور امریکا مل کر کیمیائی اور حیاتیاتی جنگ کے خلاف فوجیوں کے حفاظتی ساز و سامان تیار کریں گے۔ اس معاہدے پر رواں سال جنوری میں صدر باراک اوباما کے دورہ نئی دلی کے دوران معاہدے پر اتفاق ہوا تھا۔ بھارت کے 3روزہ دورے پر آئے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے بھارتی ہم منصب منوہر پاریکر سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ وہ کسی ایک ملک کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گے، لیکن پاکستان کو اسلحہ فروخت کیے جانے پر بھارت کے تحفظات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، میری ٹائم، ایئرکرافٹ کیرئیر اور جیٹ انجن بنانے سمیت تعمیرات اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔