17 اگست 2015
وقت اشاعت: 6:35
فرانس: اسلام امن اور محبت کا دین ہے،طاہرالقادری
جیو نیوز - پیرس...... رضا چوہدری...... فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کے اسلامی نصاب کی تقریب رونمائی پیرس میں ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، صحافی و سماجی تنظیموں اور ممتاز پاکستانی شخصیات کے ساتھ ساتھ پاکستان عوامی تحریک فرانس کے وفد نے بھی شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امن نصاب کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ داعش اور اس نوع کی دیگر تنظیمیں دہشت گرد اور خارجی ہیں، ان کی تعلیمات کا اسلام اور قرآن سے کوئی تعلق نہیں، بے گناہ انسانوں کا خون بہانا اسلام اور قرآن کی بنیادی آئیڈیالوجی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاد کے نام پر فساد کرنے والوں اور نوجوانوں کی برین واشنگ کرنے والوں کے خلاف پوری قوت سے ٹکرانے کا وقت آ گیا، ایسے دہشت گرد اور بے دین عناصر اسلام اور امت مسلمہ کو کمزور کررہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے جنرل سیکریٹری پاکستان عوامی تحریک فرانس نعیم چوہدری سے ملاقات میں فرانس میں پاکستان عوامی تحریک کے کام کو سراہتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر نعیم چوہدری نے یقین دلایا کہ وہ مقاصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔