تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
17 اگست 2015
وقت اشاعت: 8:36

ایتھنز: قرض بحران میں شدت، یورو زون کا بیل آؤٹ میں توسیع سے انکار

جیو نیوز - ایتھنز..........یورپی ملک یونان کے قرض کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ یورو زون کے وزرائے خارجہ نے بیل آؤٹ میں مزید توسیع دینے سے انکار کر دیا ہے۔ یونان میں بینک اور اسٹاک مارکیٹ آج بند رکھنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ امریکا نے یونان سے معاشی اصلاحات کے دوبارہ آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹفصیلات لے مطابق یورو زون کی جانب سے بیل آؤٹ پیکیج میں توسیع نہ کیے جانے کے اعلان کے بعد یونان کے شہری شدید تشویش کا شکار ہوگئے ہیں۔ ہفتے اور اتوار کو دن بھر بینکوں اور اے ٹی ایم سے رقوم نکلوانے والوں کا ہجوم رہا۔ شہریوں کو خوف ہے کہ اگر یونان کو دیوالیا قرار دے دیا گیا، تو لڑکھڑاتی ہوئی معیشت تباہ ہوجائے گی۔ یورپی سینٹرل بینک نے بھی یونان کے بینکاری نظام کے لیے ہنگامی رقوم میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے میں یونان کے وزیراعظم ایلکسس سیپریس نے ٹی وی پر قوم سے خطاب میں شہریوں کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی اور انھیں یقین دلایا کہ بینکوں میں ان کے پیسے، تنخواہیں اور پنشن محفوظ ہیں۔ وزیراعظم نے پیر کو یونان کے بینک بند رکھے جانے کی بھی تصدیق کی، تاہم یہ نہیں بتایا کہ بینک کب تک بند رہیں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یونان کے لیے امدادی رقوم میں اضافہ نہ کرنے سے یونان کے بینک بند ہو سکتے ہیں اور بینکوں سے رقوم نکلوانے پر بھی پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ یونان کو دیوالیا ہونے سے بچنے کے لیے آئی ایم ایف اور دیگر اداروں سے مزید قرض کی ضرورت ہے، تاہم مالیاتی اداروں نے یہ امداد فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ادھر امریکی صدر بارک اوباما اور جرمن چانسلر اینگلا مرکیل نے اتفاق کیا ہے کہ یونان کو یورو زون سے اخراج سے بچنے کے لیے معاشی اصلاحات کے پروگرام پر عمل کرنا پڑے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.