19 اگست 2015
وقت اشاعت: 6:16
یونان ریفرینڈم: عوام نے آئی ایم ایف اور یورپی یونین کی شرائط مسترد کردیں
جیو نیوز - ایتھنز.........یونان کے معاشی بحران پر ریفرینڈم میں 61فیصد سے زائد عوام نے قرض دینے والے آئی ایم ایف اور یورپی یونین کی سخت شرائط مسترد کردیں ہیں۔ جاپان اور آسٹریلیا کی مارکیٹوں میں مندی کا رجحان ہے، جبکہ یورو کی قدر میں1.58 فیصد کمی دیکھی گئی۔ یونان کی صورتحال پر غور کے لیے یورو زون کا اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منگل کو طلب کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے عوام نے نئے بیل آؤٹ پیکیج کی سخت شرائط کو مسترد کردیا ہے۔ نتائج کے مطابق 61فیصد سے زائد شہریوں نے بیل آوٹ کی شرائط تسلیم کرنے کی مخالفت کی، جبکہ 38فیصد نے اس کے حق میں ووٹ دیا اور نتائج آنے پر خوب جشن منایا۔ یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ یونان کی عوام کا جو بھی فیصلہ ہے، اسے قبول کرتے ہیں۔ ریفرنڈم کے نتائج کو دیکھتے ہوئے یونان کی کنزرویٹو اپوزیشن پارٹی کے سربراہ انٹونس سمارس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ یونان کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے پاس یونان کو یورو زون سے نکالنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ یونان کو قرض دینے والے بین الاقوامی ادارے لوگوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منگل سے ملک بھر میں بینک کھل جائیں گے، اٹلی کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یونان کے غیر یقینی مستقبل کی وجہ سے مالیاتی مارکیٹس میں بحران آسکتا ہے، لیکن یورو زون ہر قسم کے بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ریفرنڈم کے نتائج کے پیش نظر ڈالر کے مقابلے میں یورو کی قدر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ماہرین معاشیات کے مطابق گزشتہ 2دنوں کے دوران یورو کی قدر 58.1فیصد گری ہے۔