19 اگست 2015
وقت اشاعت: 12:7
ایران جوہری مذاکرات کی حتمی تاریخ میں 3دن کی توسیع کردی گئی
جیو نیوز - تہران..........ایران اور6 عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات کی حتمی تاریخ ایک بار پھر آگے بڑھادی گئی۔ ایک مغربی سفارتکار نے مذاکرات کے آخری مرحلے کو مشکل ترین قرار دے دیا۔ ایران نے عالمی طاقتوں سے اسلحے کی فروخت پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کا کہنا ہے کہ ایرانی ایٹمی مذاکرات میں مزید3 دن کی توسیع کرتے ہوئے ڈیڈ لائن جمعے تک بڑھا دی گئی ہے۔ ادھر مذاکرات میں شریک ایک مغربی سفارتکار نے میڈیا سے گفتگو میں ایران سے مذاکرات کے آخری مرحلے کو مشکل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات میں توسیع اسی لیے کی گئی ہے کہ عالمی طاقتیں سمجھتی ہیں کہ معاملات طے ہوسکتے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان ابھی بہت سے معاملات طے ہونے باقی ہیں اور ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا معاملہ سب سے اہم ہے۔ دوسری جانب ایران نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر عائد پابندی کو ختم کیا جائے، کیونکہ دیگر پابندیوں کے ساتھ ساتھ یہ پابندی بھی ایٹمی ڈیل کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے۔ ایرانی مذاکرات کار اعلیٰ عباس عراقچی نے کہا کہ ڈیل تقریبا آخری مراحل میں ہے اور مغربی طاقتوں کو ایران پر پابندیاں ختم کرنا ہی ہوں گی۔