21 اگست 2015
وقت اشاعت: 16:5
ایران اور چھ عالمی طاقتوں کا معاہدہ ہوگیا
جیو نیوز - ویانا......ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے ایٹمی پروگرام پرسمجھوتا طے پا گیا۔ ایران پر برسوں سے عائد معاشی پابندیاں اٹھائے جانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔آسٹریا کے شہر ویانا میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس اور جرمنی کے نمائندوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ایران پر 13 سال سے عائد اقتصادی پابندیاں بتدریج ختم کی جائیں گی۔ اس کے لیے پہلے ایران کو اقوام متحدہ کے انسپکٹروں کو تمام جوہری تنصیبات تک مکمل رسائی دینا ہو گی ۔ یہ انسپکٹر طے کریں گے کہ ایران ایک مقررہ حد تک ہی یورینیم افزودہ کر سکے اور اس کا ذخیرہ رکھ سکے۔ معاہدے کے تحت ایران کو صرف پر امن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی اجازت ہو گی، ایٹمی پروگرام کسی صورت ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ طے پایا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے انسپکٹر جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ایرانی فوجی تنصیبات کے دوروں کا مطالبہ بھی کر سکیں گے، تاہم ایران کو اقوامِ متحدہ کے نگرانوں کی درخواست چیلنج کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اس صورت میں فیصلہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کا ثالثی بورڈ کرے گا۔ ویانا میں طے پانے والے اس معاہدے کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کی صورت میں پیش کر کے منظور کروایا جائے گا۔