21 اگست 2015
وقت اشاعت: 16:5
آج کے بعد ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بناسکے گا،امریکی صدر
جیو نیوز - واشنگٹن......امریکی صدر اوباما کا کہنا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں ایٹمی ہتھیارں کا راستہ بند کردیا گیا ہے ، آج کے بعد ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بناسکے گا، یہی نہیں بلکہ ایران اگلے دس سال تک یورینیم کی افزودگی نہیں کرسکے گا ۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کے بعد امریکی صدربارک اوباما نے کہاکہ آج مشرق وسطیٰ میں ایٹمی ہتھیاروں کا راستہ بند کردیا گیا ہے ، آج کے معاہدے کے بعد ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بناسکے گا ،مذاکرات کے دو سال میں عشروں پر اثر انداز ہونے والے فیصلے حاصل کرلیے گئے ہیں ، یہ ڈیل امریکن ڈپلومیسی اور تبدیلی کے نعرے کی عکاس ہے۔ امریکی صدر نےکہاکہ ایران اگلے دس سال تک یورینیم پروڈیوس نہیں کرسکے گا اور اگلے پندرہ سال تک ہیوی واٹر ری ایکٹر بھی تیار نہیں کرسکے گا ۔ صدر اوباما کا کہنا تھاکہ اس ڈیل کی وجہ سے امریکا اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کی پوزیشن میں ہے اور یہ ڈیل اعتماد کا مظہر نہیں بلکہ ویری فیکیشن کی بنیاد پر ہوئی ہے ، انسپکٹرز کو جب اور جہاں ضرور ہے کی بنیاد پر تصدیق کرنے کی اجازت ہوگی۔ صدر اوباما نے کہاکہ اگر ایران معاہدہ توڑتا ہے تو ساری پابندیاں پھر سے لگ جائیں گی۔