22 اگست 2015
وقت اشاعت: 8:44
عراق میں کار بم دھماکا، 100سے زائد افراد ہلاک، درجنوں زخمی
جیو نیوز - بغداد..........عراق کے صوبے دیالا میں کار بم دھماکے میں 100سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق کار بم دھماکا بغداد سے 30کلومیٹر دور خان بنی سعد شہر کی مصروف مارکیٹ میں ہوا۔ عید کی شام ہونے والا دھماکا اتنا شدید تھا کہ کئی عمارتیں بھی تباہ ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں کم از کم 100افراد ہلاک ہوئے۔ ملبے سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کے بعد لوگ مشتعل ہوگئے اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔ دیالا کی صوبائی حکومت نے 3دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ مزید کسی دھماکے کے پیش نظر صوبے میں عید الفطر کے باقی دنوں میں تمام پارک اور تفریحی مقامات بند کردیے گئے ہیں۔