24 اگست 2015
وقت اشاعت: 12:19
چترال کے علاقے مستوج میں مزید 4 افراد ریلے میں بہہ گئے
جیو نیوز - چترال.......چترال کےعلاقے مستوج میں مزید چارافراد سیلابی پانی میں بہہ گئے۔آج بھی ستر سے زائد مکانات،رابطہ پُل اور بجلی گھر سیلاب کی نذرہوگئے۔دیامرمیں دوافراد جاں بحق ہوئے۔چترال میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں سے آنےوالے سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ مستوج کےعلاقے ریچ اورریشن میں سیلابی پانی میں چار افراد بہہ گئے جبکہ 70 سے زیادہ مکانات،دو رابطہ پُل،دوبجلی گھر،اسپتال اورکئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔گرین لشٹ کا علاقہ دریائے مستوج کے کٹائو کے باعث ریشن سے کٹ گیا ہے۔ دیامرمیں گزشتہ ایک ہفتے سےبارشوں نےتباہی مچا رکھی ہے ،کھنبری ویلی میں دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔سیلاب سے اب تک سیکڑوں مکانات،کھڑی فصلوں سمیت آبپاشی کا نظام اور ندی نالوں کےساتھ بنے حفاظتی بند بھی بُری طرح متاثرہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے سیلاب زدگان میں راشن اور خیموں کی تقسیم جاری ہے جبکہ چلاس، بابو سر اورکاغان ویلی کی شاہراہ ہرقسم کے ٹریفک کےلیے بحال کردی گئی ہے۔ غذرمیں بھی وقفےوقفےسےبارش کاسلسلہ جاری ہے۔گلہ پور میں لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سےگلگت۔غذر روڈ جزوی طورپربند ہے۔دریائےغذرمیں پانی کے بہاؤمیں تیزی برقرارہےاورملحقہ آبادیوں میں زمینی کٹاؤ بھی ہورہاہے۔ علاقے کے واٹرچینل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گلگت بلتستان اورچترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کاریسکیو آپریشن جاری ہے،اب تک سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔متاثرین میں امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔