25 اگست 2015
وقت اشاعت: 5:48
افغان طالبان کے امیر ملا عمر مرچکے ہیں ،برطانوی میڈیا کا دعویٰ
جیو نیوز - لندن......برطانوی نشریاتی ادارے نے افغان تحریک طالبان کے امیر ملا محمد عمر کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔افغان حکومت و انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے امیر 2 سے 3 برس پہلے ہی مارے جاچکے ہیں۔ان اطلاعات پر افغان طالبان کے ترجمان سےبرطانوی نشریاتی ادارے نے رابطہ کیا تو انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ جلد ہی بیان جاری کیا جائے گا۔افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی ملا عمر کی موت کی تصدیق کی ہے ،ماضی میں بھی افغان طالبان کے سربراہ کے مارے جانے کی متعدد بار اطلاعات آچکی ہے تاہم ا س مرتبہ افغان حکومت اور انٹیلی جنس اداروں نے اس کی تصدیق کی ہے۔ امریکی حکام نے ملا عمر کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر مقرر کی ہوئی ہے۔عید الفطر پر اپنے ایک پیغام میں ملا عمر نے افغان حکومت سے طالبان کےمذاکرات کو جائز قراردیا تھا ،اس بیان کا افغان حکومت نے خیر مقدم بھی کیا تھا ۔افغان طالبان نے1996ءمیں افغانستان میں حکومت کے قیام کے بعد ملا عمر کو ’امیر المومنین‘ کا خطاب دیا تھا مگر 2001ءمیں امریکا کے افغانستان پر حملے کے بعدوہ منظر عام پر نہیں آئے۔