تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 اگست 2015
وقت اشاعت: 22:59

اقوام متحدہ و امریکہ کی جانب سے اسرائیلی آباد کاروں کے حملے کی مذمت

جیو نیوز - نیویارک...........اقوام متحدہ اور امریکا نے اسرائیلی آباد کاروں کے حملے میں 18ماہ کے فلسطینی بچے کے قتل کی مذمت کی ہے، جبکہ اسرائیلی فوج کے تازہ حملے میں 1اور فلسطینی جاں بحق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مغربی کنارے کے ایک گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں نے وحشیانہ کارروائی میں گھر کی کھڑکیاں توڑ کر آتشیں بم اندر پھینک دیے، آگ لگنے سےایک 18ماہ کا فلسطینی بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ بچے کے والدین اور ایک بڑا بھائی شدید زخمی ہوا، فلسطینی بچے کی تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر فلسطینوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جبکہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی جاں بحق ہوگیا اور اسکا ساتھی زخمی ہو گیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی آبادکاروں کی اس وحشیانہ کارروائی کے خلاف عالمی عدالت میں اپیل کریں گے۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور امریکہ نے بھی شیرخوار فلسطینی بچے کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین دونوں سےکہا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سےگریز کریں، جو کشیدگی کا باعث بنتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی حملے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کو دہرایا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.