تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 اگست 2015
وقت اشاعت: 11:47

بارسلونا میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم امن کانفرنس کا انعقاد

جیو نیوز - بارسلونا......شفقت علی رضا ......اسپین کے سب سے بڑے صوبے ’’کاتالونیا‘‘ کے دارلحکومت بارسلونا میںبسلسلہ عرس پاک حضرت پیرسید فیض الحسن شاہ ؒ آلو مہاری میلاد مصطفیٰ ﷺ امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سیکڑوںمسلمانوںنے شرکت کی۔ امن کانفرنس2015ء بارسلونا میں خطاب کے لئے پاکستان کے ضلع سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے سجادہ نشین آلو مہار شریف صاحبزادہ پیر سید مرتضیٰ امین شاہ تشریف لائے تھے۔ امن کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان نے حاصل کی۔ کانفرنس کے پہلے مرحلے میں نعت خواں حضرات قدیر خان، جمی شیخ، ارشد نقشبندی، علی بھائی ککرالی اور قاری عبدالرحمان شامل نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ اشعار کے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ میلاد مصطفیٰ ﷺ امن کانفرنس 2015ء کا اہتمام چوہدری نذیر مہر، چوہدری عمران مہر، چوہدری فرحان مہر، علی رشید بٹ، مہر ارسلان، چوہدری عبدالغفار مرہانہ اور ان کی تنظیم کے دوسرے ساتھیوں نے کیا تھا۔ میلاد مصطفیٰ ﷺ امن کانفرنس کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف کیا جانے والا منفی پراپیگنڈا، دہشت گردی کو اسلام یا کسی بھی مذہب کے ساتھ نتھی کرنا اور ان الزامات کی تردیدکرنا تھا کہ جن سے مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بننا پڑ رہا ہے۔ میلاد مصطفیٰ ﷺ امن کانفرنس سے صاحبزادہ پیر سید مرتضیٰ امین شاہ آف آلو مہار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی توحید پر کامل ایمان کے ساتھ ساتھ جب تک عشق رسول ﷺ اور اتباع رسول ﷺ کا مکمل اہتمام نہ ہوگا اس وقت تک معاشرتی اقدار کی تکمیل نا مکمل ہو گی، ایک بندہ مومن اسوۂ حسنہ پر عمل کرکے ہی صراط مستقیم پر چل سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی اور اسلامی دنوں کے تقدس کو بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ یورپ میں رہنے والے ہمارے بچے اپنی تہذیب، مذہب اور روایات کے امین بن سکیں، دوسرے ممالک میں ہم اپنی روایات ،تہذیب ، رسومات اور اعلی اقدارسے ہی مقامی کمیونٹی کو مثبت پیغام دے سکتے ہیں۔ امن کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا اور شرکائے کانفرنس میں منتظمین کانفرنس کی جانب سے بذریعہ قرعہ اندازی عمرے کا ایک ٹکٹ جبکہ مہمان خصوصی چوہدری امتیاز لوراں کی جانب سے عمرے کے دو ٹکٹ تحفے میں دیئے گئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.