10 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 10:57
سی این جی سیکٹر کو صرف 2 دن گیس سپلائی کرنے کا فیصلہ
جیو نیوز - اسلام آباد…سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سی این جی سیکٹر کو تین دن کی بجائے صرف دو روز کے لئے گیس سپلائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام ریجنز میں اس پر فوری عمل ہو گا۔ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان عوام کو حکومت نے ایک اور جھٹکا دے دیا۔ سستے فیول سی این جی کی فراہمی میں ایک روز کی کمی کر دی گئی۔اب لاہور سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں ہفتے میں صرف دو روز گیس ملے گی۔ نئے شیڈول کے مطابق لاہور شیخوپورہ ،ساہیوال، گوجرنوالہ ،گجرات ،ملتان کے سی این جی ا سٹیشنز کو جمعہ اور ہفتہ کے روز گیس ملے گی۔ سی این جی ایسوسی ایشن نے سوئی ناردرن کے اس اقدام کو ظلم قرار دیتے ہوئے مظاہروں کا فیصلہ کر لیاہے۔