24 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 14:43
واجبات کی عدم ادائیگی ،کے ای ایس سی نے سندھ پولیس کو حتمی نوٹس دیدیا
جیو نیوز - کراچی…کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سندھ پولیس کو واجبات کی ادائیگی کیلئے حتمی نوٹس جاری کردیا، 1 ارب روپے سے زائد واجبات کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔کے ای ایس سی ترجمان کے مطابق سندھ پولیس نے ادارے کو 1 ارب 20کروڑ روپے کی ادائیگی کرنی ہے جس کے لیے حتمی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق 7 دن کے اندر ادائیگی نہ ہوئی تو نیپرا قانون پر عمل کرتے ہوئے سندھ پولیس کے ہیڈ کوارٹرز اور پولیس اسٹیشنز کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔ کے ای ایس سی نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے پر خصوصی توجہ دیں اور سندھ پولیس کے ذمے کے ای ایس سی کے واجبات جلد از جلد ادا کروائیں۔