24 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 15:48
بھٹ گیس فیلڈ میں خرابی ، انڈسٹریل ایریا کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند
جیو نیوز - کراچی…بھٹ گیس فیلڈ میں خرابی اور دیگر فیلڈز سے پریشر کم ہونے کے باعث کے ای ایس سی کو گیس سپلائی مزید کم کردی گئی، صورت حال کے باعث گزشتہ دو دن سے سائٹ انڈسٹریل ایریا کو گیس سپلائی مکمل طور پر بند ہے ،سوئی سدرن حکام کے مطابق بھٹ گیس فیلڈ میں فنی خرابی کو دور کرنے کے لیے مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے مگر فی الحال گیس فراہمی معمول پر آنے کا کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا۔صورت حال کے باعث سوئی سدرن نے کے ای ایس سی کو گیس فراہمی 16 کروڑ سے بھی کم کرکے 14کروڑ مکعب فٹ یومیہ کردی ہے جس سے کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب سائٹ انڈسٹریل ایریا کو گیس کی فراہمی دو دن سے معطل ہے جس کے باعث صنعتیں بند پڑیں ہیں۔سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین یونس بشیر کے مطابق سائٹ میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ چھ ماہ پراناہے جس سے صنعتوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔گیس سپلائی میں کمی کے پیش نظر سندھ میں جمعے کو بھی سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔ جمعرات اور جمعہ کو 48گھنٹوں کی بندش کے بعد اب سی این جی ہفتے کی صبح 8 بجے ملے گی۔