28 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 18:41
نجکاری کے بعد بھی اسٹیل مل کا انتظامی حصص حکومت کے پاس ہونگے،مرتضیٰ جتوئی
جیو نیوز - وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی ٰجتوئی نے سینیٹ میں یقین دہانی کرائی ہے کہ اسٹیل ملز کی نجکاری کے بعد 26 فیصد انتظامی حصص بدستور حکومت کے پاس رہیں گے اور ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔ جب کہ پیپلز پارٹی نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کے تقرر کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی زیرصدارت اجلاس میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میاں رضا ربانی نے حکومت کی نجکاری پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔اس معاملے پر متحدہ اپوزیشن نے ایوان سے واک آوٴٹ کیا ۔تاہم ایم کیوایم نے اسٹیل ملز کی نجکاری کی حمایت کی۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی ٰجتوئی نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ اسٹیل ملز کی نجکاری کے بعد 26 فیصد انتظامی حصص بدستور حکومت کے پاس رہیں گے اور ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔ ایک تحریک پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور اعتزاز احسن نے مطالبہ کیا کہ ججز کے تقرر کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے ، کیوں کہ یہ کمیٹی بے اختیار ہے اور تمام اختیارات جوڈیشل کمیشن کے پاس ہیں۔ اے این پی کے بلوچستان میں صوبائی صدر ارباب ظاہر کے اغواء کے خلاف بھی اپوزیشن جماعتوں نے واک آوٴٹ کیا ۔ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی اور بابر غوری نے سیکٹر انچارج دلشاد کے ماوارئے آئین قتل پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ آرمی چیف،ڈی جی آئی ایس آئی اور سندھ حکومت تحقیقات کرائے۔سینٹ کا اجلاس اب کل (منگل کی) صبح ساڑھے 10 بجے ہو گا۔