1 نومبر 2013
وقت اشاعت: 14:49
گردشی قرضے پھر100ارب روپے سے تجاوز کرگئے
جیو نیوز - اسلام آباد…حکومت نے آئی ایم ایف حکام کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ سرکلر ڈیٹ کا جن بوتل میں بند نہیں ہوپارہا، 500 ارب روپے سے زیادہ کی ادائیگی کے باوجود یہ قرضے پھر 100 ارب روپے سے زیادہ ہوگئے ہیں۔مذاکرات کے پانچویں روز وزارت خزانہ حکام نے آئی ایم ایف کے وفد کو توانائی شعبے کے حالات سے آگاہ کیا۔ حکام نے اعراف کیا کہ زیر گردش قرضوں کے خامتے کے لیے 502 ارب روپے ادا کیے گئے مگر اب دوبارہ اس مد میں 100 ارب روپے جمع ہوگئے ہیں۔حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ حکومت ہر ماہ بجلی کی سبسڈی پر 20 ارب روپے جھونک رہی ہے۔ جولائی سے اکتوبر تک اس میں 81 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔آئی ایم ایف کا وفد سہ ماہی جائزے پر پاکستان آیا ہوا ہے جس کی سربراہی ملک میں عالمی ادارے کے سربراہ جیفری فرینک کررہے ہیں۔ پانچویں روز کے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کی ۔