5 نومبر 2013
وقت اشاعت: 20:21
بیشتر معاشی اہداف حاصل ،پاکستان نے آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا
جیو نیوز - اسلام آباد…پاکستان نے آئی ایم ایف کو بتایا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بیشتر معاشی اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، معاشی خسارہ 290 ارب روپے تک محدود رکھنے کا ہدف تھا جس میں کامیابی ملی ہے،سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود اور آئی ایم ایف کے سربراہ مشن جیفری فرینک کی سربراہی میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں جولائی سے ستمبر2013 تک معاشی اہداف اور اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پالیسی مذاکرات کے پہلے دور میں پاکستان آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے میں کامیاب رہا۔ پاکستان کی جانب سے بتایا گیا کہ مالی خسارہ مقررہ حد تک محدود کرنے میں کامیابی ہوئی ہے۔توانائی کے لئے وہی سبسڈی دی گئی جو بجٹ میں تھی اور ا خراجات بھی صرف بجٹ کے مطابق تھے۔ ذرائع کے مطابق پالیسی مذاکرات کامیاب ہوئے تو پاکستان کو دسمبر میں 55 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط مل سکتی ہے۔